کورونا پر قابو پانے کا مشن: لاہور میں مزید 7 علاقے مکمل سیل

پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کے اعلان کے بعد گلبرگ، ڈی ایچ اے ، ماڈل ٹاؤن، گلشن راوی، فیصل ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن اور والڈ سٹی سمیت لاہور کے 7علاقوں میں رات 12 بجے کے بعد مکمل لاک ڈاؤن کر دیا گیا۔

دستاویزات کے مطابق 3 ہزار 613 مریض رپورٹ ہونے پر مذکورہ علاقوں کے مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا، شہر میں سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی کے بعد اب بازاروں میں بھی دکانداروں اور خریداروں کے ٹیسٹ شروع کر دیئے گئے ہیں، ابتدائی مرحلہ میں ہال روڈ، انارکلی، کریم بلاک مارکیٹ، شاہ عالم، اچھرہ بازار، مون مارکیٹ، نشتر کالونی بازار، چونگی امر سدھو، ٹاؤن شپ بازار، صدر کینٹ، بھٹہ چوک، باغبانپورہ بازار اور گڑھی شاہو کے 13 بازاروں میں سمارٹ سیمپلنگ کی گئی۔

ادھر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی اے سی ) نے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ایس او پیزکا 15 نکاتی جامع پلان جاری کر دیا۔ اعلامیے کے مطابق پاکستان میں وبا حساس مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور بیماری کا پھیلاؤ بتدریج شدت اختیار کر سکتا ہے۔ ایس او پیز کے جامع پلان کے مطابق انتظامیہ شہریوں کو لاک ڈاؤن سے پہلے 24-48 گھنٹے کا نوٹس دے گی، اس دوران شہری ضروری تیاریاں مکمل کر لیں اور اشیائے ضرورت مناسب مقدار میں سٹور کر لیں۔

اعلامیے کے مطابق لاک ڈاؤن کی اطلاع پر دوسری جگہ نقل مکانی سے گریز کریں۔ گھروں سے ایمرجنسی کے بغیر نہ نکلیں، گھر کے معمر افراد، حاملہ خواتین، ہائی بلڈ پریشر اور ذیابیطس کے مریضوں کو گھر سے باہر مت جانے دیں، دکانوں پر گاہک سماجی فاصلے اور ماسک کی پابندیوں کو یقینی بنائیں، سمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں صرف مساجد کے عملہ کو با جماعت نماز پڑھنے کی اجازت ہوگی، باقی لوگ گھروں پر نماز کی ادائیگی کریں، کورونا کی علامات ظاہر ہونے پرہیلپ لائن 1166 پر رابطہ کریں۔

لاک ڈاؤن پر مامور اہلکاروں سے تعاون کریں، سمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران علاقے کے ہسپتال بند رہیں گے، کورونا علامات ظاہر ہونے پر گھریلو ٹوٹکوں سے گریز کریں، سوشل میڈیا پر منفی پرو پیگنڈے پر کان نہ دھریں، صرف مصدقہ حکومتی معلومات پر بھروسہ کریں۔

خیال رہے پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 92 ہزار 970 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 148 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 3 ہزار 903 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 44 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 71 ہزار 191، سندھ میں 74 ہزار 70، خیبر پختونخوا میں 23 ہزار 887، بلوچستان میں 9 ہزار 817، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 365، اسلام آباد میں 11 ہزار 710 جبکہ آزاد کشمیر میں 930 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 11 لاکھ 71 ہزار 976 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 21 ہزار 835 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 81 ہزار 307 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 3 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 148 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 3 ہزار 903 ہوگئی۔ پنجاب میں ایک ہزار 602، سندھ میں ایک ہزار 161، خیبر پختونخوا میں 869، اسلام آباد میں 115، گلگت بلتستان میں 23، بلوچستان میں 108 اور آزاد کشمیر میں 25 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں