سعودی اسرائیل تنازع ختم؛ امریکا کا 2 جزائر سے فوج بلانے کا اعلان واشنگٹن: امریکا نے سعودی عرب، مصر اور اسرائیل کے درمیان تنازع کی وجہ بن...
سعودی اسرائیل تنازع ختم؛ امریکا کا 2 جزائر سے فوج بلانے کا اعلان |
واشنگٹن: امریکا نے سعودی عرب، مصر اور اسرائیل کے درمیان تنازع کی وجہ بننے والے جزائر تیران اور صنافیر سے امن افواج واپس بلالیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بحیرہ احمر میں واقع خصوصی اہمیت کے حامل جزائر تیران اور صنافیر پر نصف صدی سے سعودی عرب اور مصر کے درمیان ملکیت کا تنازع ہے۔ بعد ازاں اسرائیل بھی اس میں پارٹی بن گیا تھا۔
مصر نے دونوں جزائر کو سعودی عرب کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرلیا تھا لیکن اسرائیل نے یہ جزائر سعودی عرب کو دینے کے فیصلے کی شدید مخالفت کی تھی تاہم امریکی ثالثی کے باعث اسرائیل نے جزائر سعودی عرب کو واپس کرنے سے متعلق اعتراض واپس لے لیا۔
جزائر کی سعودی عرب کو واپسی اسرائیل اور سعودیہ کے درمیان تعلقات میں بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی ہے جب امریکی صدر مشرق وسطیٰ کا 4 روزہ دورے میں اسرائیل، فلسطین اور سعودی عرب پہنچے اور سربراہان مملکت سے ملاقات کیں۔
خیال رہے کہ سعودی عرب نے اسرائیل کی پروازوں پر عائد پابندیاں ختم کردی ہیں اور جلد ہی دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطے بحال ہوجائیں گے۔