مستونگ: 600 سال پرانے قبرستان میں نصب دیوقامت پتھر بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے تقریباً 90 کلومیٹر کے فاصلے پر ضلع مستونگ کی تحصیل کردگ...
مستونگ: 600 سال پرانے قبرستان میں نصب دیوقامت پتھر |
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے تقریباً 90 کلومیٹر کے فاصلے پر ضلع مستونگ کی تحصیل کردگاپ میں 600 سال قدیم ایک قبرستان واقع ہے۔
30 ایکڑ پر محیط اس قبرستان کی منفرد بات یہاں کی قبروں پر نصب بلند و بالا پتھر ہیں۔
محققین کے مطابق یہ پتھر اس زمانے میں پہاڑوں سے توڑ کر اونٹوں کی مدد سے یہاں تک لائے جاتے تھے۔
اس قبرستان میں اس طرح کی ایک ہزار کے قریب قبریں موجود ہیں، جن میں سے کچھ قبروں پر نصب پتھر 25 سے 30 فٹ اونچے ہیں، تاہم ہر قبر پر نصب پتھر ایک دوسرے سے مختلف ہے۔
پتھروں کی تراش خراش اس انداز سے کی گئی ہے کہ ان قبروں کی پہچان واضح ہو سکے۔
مختلف قبروں پر اس وقت کے رسم الخط کے مطابق نقش و نگاری بھی کی گئی ہے، جو ان قبروں کی قدیم ثقافت کی پہچان کراتی ہیں۔
حیرت انگیز طور پر کئی صدیاں گزر جانے کے باوجود بھی موسمی اثرات نے قبروں پر لگے ان پتھروں کو متاثر نہیں کیا اور یہ آج بھی اپنی اصل حالت میں یہاں نصب ہیں۔
کردگاپ سے ہی تعلق رکھنے والے ایک محقق عبدالرزاق نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں بتایا کہ ’تاریخ سے ہمیں یہ پتہ چلتا ہے کہ یہاں مدفون افراد کا قد آج کل کے افراد کے قد سے کئی گنا زیادہ تھا۔
’اس کے علاوہ ایک اور منفرد بات یہ بھی ہے کہ جن اونٹوں پر ان پتھروں کو اس قبرستان تک یہاں لایا جاتا تھا، وہ اس کے بعد وزن اٹھانے کی طاقت نہیں رکھتے تھے اور پھر انہیں اسی قبرستان میں ذبح کر دیا جاتا تھا۔‘
عبدالرازق نے مزید کہا: ’حکومت اگر اس ورثے کی حفاظت کرے تو ہماری آئندہ آنے والی نسلیں اس قدیم تہذیب اور ثقافت سے روشناس ہوسکتی ہیں۔‘