خیبر یونین آف جرنلسٹس نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے عملے کی جانب سے خیبر یونین کے نائب صدر عبدالبصیر قلندر پر تشدد اور موبائل چھیننے کی مذمت کی ...
خیبر یونین آف جرنلسٹس نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے عملے کی جانب سے خیبر یونین کے نائب صدر عبدالبصیر قلندر پر تشدد اور موبائل چھیننے کی مذمت کی ہے، ایک بیان میں یونین کے صدر ناصر حسین، جنرل سیکرٹری عمران یوسفزئی، سینئر نائب صدر عمران ایاز اور جائنٹ سیکرٹری ارشاد علی نے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرین کی کوریج کرتے ہوئے آنسو گیس کی شیلنگ سے یونین کے نائب صدر عبدالبصیر قلندر کی حالت غیر ہو گئی تھی جو فوری طور پر طبی امداد کی غرض سے قریب موجود لیڈی ریڈنگ ہسپتال چلے گئے وہاں آنسو گیس کی شیلنگ سے متاثرہ دیگر لوگوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جن میں خواتین اور بچے بھی تھے، ایل آر ایچ میں عبدالبصیر قلندر اپنے پیشہ ورانہ فرائض سر انجام دے رہے تھے کہ اس دوران سکیورٹی اہلکاروں نے انہیں پکڑ لیا اور موبائل چھین لیا، سکیورٹی اہلکاروں نے بدزبانی بھی کی تاہم ہسپتال کے سابق ترجمان جمیل شاہ کی مداخلت پر عبدالبصیر قلندر کو ان کا موبائل واپس کیا گیا۔ خیبر یونین آف جرنلسٹس کے عہدیداران نے اس رویے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں مصروف صحافیوں کو تشدد کا نشانہ بنانا معمول بن گیا ہے تاہم یہ رویہ کسی نے صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایل آر ایچ کی انتظامیہ اس صورتحال کی وضاحت کرے بصورت دیگر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔